اسلام آباد(این این آئی)سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کہا ہے کہ سابق گورنر سندھ عشرت العباد بظاہر عملی سیاست میں حصہ نہیں لیں گے۔ایک انٹرویومیں شہلا رضا نے کہاکہ عشرت العباد کے ممکنہ طور پر سیاست میں نہ آنے کی وجہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے ساتھ اختلافات ہیں جوکہ اس وقت سے ہیں جب پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) بھی وجود میں نہیں آئی تھی۔انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ متحدہ سے علیحدگی کے بعد عشرت العباد کا ایسا کوئی اور سیاسی کیرئیر ماضی میں نہیں جس کی بناء پر وہ سیاست میں آنے کی خواہش رکھتے ہوں۔گورنر سندھ کو تبدیل کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے مشاورت سے متعلق کیے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان نے کہا کہ ابھی تک تو میڈیا کے ذریعے ان تک یہ خبر پہنچی اور چونکہ پی پی کی قیادت اس وقت دبئی میں ہے تو اگر کسی نے مشاورت کے سلسلے میں رابطہ کیا تو ہم ضرور کریں گے۔ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ گورنر وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے اور ظاہر ہے کہ عشرت العباد نے 14 سال اس اہم عہدے پر گزارے ہیں تو اگر حکومت نے تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے تو وہ اس کی اپنی مرضی ہے جوکہ کوئی اتنی بڑی بات نہیں۔