اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی پروگرام میں سینئر سیاستدان اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے بھائی مرید حسین قریشی نے تہلکہ خیز انکشافات کر دیئے۔ تفصیل کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مرید حسین قریشی نے کہا کہ میں اپنے بھائی شاہ محمود قریشی کو ملتان گدی کا سجادہ نشین نہیں مانتا کیو نکہ وہ ایک جھوٹا انسان ہے۔ مرید حسین قریشی نے کہا کہ 2011 ء میں جب میں لندن میں تھا تو مجھے شاہ محمود قریشی کا فون آیا اور اس نے کہا کہ آپ فوراََ ابو ظہبی پہنچ جاؤ ، میں ابو ظہبی پہنچ گیا تو مجھے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تیاری کر لو ، ہم نے ایک جنرل سے ملنے کیلئے صحرا میں جانا ہے، مستقبل میں تحریک انصاف ہماری ہی پارٹی ہوگی۔ عمران خان صرف 2 یا اڑھائی سال پارٹی کے سربراہ رہیں گے ، اس کے بعد پارٹی کی سربراہی میرے ہاتھ میں ہو گی۔ مرید حسین نے سینئر صحافی حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شاہ محمود قریشی کو سمجھایا کہ اس طرح فیصلے نہیں ہوتے تو اس نے مجھے سوچنے کا کہا اور یہ بھی کہا کہ یہی وقت ہے ، بعد میں صرف پچھتاوا رہ جائے گا تو میں نے شاہ محمود قریشی کو انکار کر دیا۔ شاہ محمد قریشی کے چھوٹے بھائی مرید حسین قریشی نے کہا کہ ہمارے بڑے بھائی فوج کے آدمی ہیں اور تحریک انصاف کے اگلے سربراہ وہی ہوں گے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل شاہ محمود قریشی اور مرید حسین قریشی میں عرس کے موقع پر شدید تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔