اسلام آباد(ایکسکلوژو رپورٹ) میٹرو بس ملتان کے بارے میں ہولناک انکشافات ۔ تفصیل کے مطابق نجی ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا کہ 30 ارب روپے سے بننے والے میٹرو بس پراجیکٹ میں انتہائی ناقص میٹریل کا استعمال کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق میٹرو بس پراجیکٹ کی تعمیر میں انتہائی ناقص میٹریل کے باعث افتتاح سے قبل ہی میٹرو بس کے پُل کے پلرز اور پل میں جگہ جگہ دراڑیں پڑ گئی ہیں اور اپنی غفلت چھپانے کیلئے انتظامیہ طرح طرح کے جتن کرتی نظر آ رہی ہے۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق میٹرو بس پراجیکٹ ملتان کا ابھی افتتاح ہی نہیں ہوا تھا کہ اس دھڑن تختہ ہو گیا ہے۔ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق نو تعمیر شدہ پل کی حالت افتتاح سے قبل ہی خستہ ہو چکی ہے اور میٹرو بس پل میں جگہ جگہ ہولناک دراڑیں پڑ گئی ہیں جو کسی بھی وقت پل کے گرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل میٹروبس ملتان پراجیکٹ کے پل کا ہی ایک پلر ناقص میٹریل کے باعث گر گیا تھا جس میں کچھ لوگ شدید زخمی بھی ہوئے تھے۔ نجی ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا کہ میٹرو بس پل کے نیچے سے گزرنے والے مسافر احتیاط سے کام لیں۔