کراچی(آئی این پی) سندھ رینجرز نے شاہراہ قائد کے مختلف علاقوں میں کاروائی کے دوران سیاسی جماعت اور کالعدم تنظیم کے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ۔ ہفتہ کو ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق شاہراہ قائد میں کاروائی کے دوران کالعدم کا ٹارگٹ کلر سید مہروز مہدی نقوی گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ گرفتار ملزم نے مذہبی بنیادوں پر ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کر لیا ۔ ملزم نے فروری 2013میں مفتی دلفراز اور ابوبکر جبکہ فروری2014میں مفتی عثمان یار محمد علی اور محمد رفیق کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم 22سے زائد قتل کی وارداتوں ، اغوا ، ڈکیتی اور بھتہ خوری میں بھی ملوث رہا ، ملزم کی نشاندہی پر خفیہ مقام پر چھپایا گیا اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جو مخالف لوگوں کو ٹارگٹ کرنے کے لئے جمع کیا گیا تھا ۔ گرفتار ٹارگٹ کلر کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق پی آئی بی کالونی میں کی گئی کاروائی میں ماما نامی ٹارگٹ کلر گرفتار کر لیا گیا جو ایم کیو ایم کا سابق یونٹ انچارج ہے ، ٹارگٹ کلر پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کے حکم پر وارداتیں کرتا تھا۔ ٹارگٹ کلر نے 1993سے2007کے دوران بلوچ نوجوانوں کو قتل کیا۔ (ار)