حضرو/اسلام آباد(این این آئی)پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے حضرو کے مقام پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد بے ہوش ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کارکن کرینوں کی مدد سے کنٹینرز کو ہٹانے کی کوشش کر رہے تھے کہ اس دوران قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی اور کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے ربڑ کی گولیاں بھی برسائی گئیں۔ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ احتجاجی کارکن آنسو گیس کی شیلنگ سے بچنے کیلئے ادھر ادھر بھاگتے رہے ٗ اس دوران کچھ کارکن بے ہوش بھی ہوئے۔آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث کچھ لوگ بے ہوش ہوئے نجی ٹی وی کے مطابق ربڑ کی گولیوں سے کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے دوسری جانب موٹروے پر پنجاب کا خیبرپختونخوا سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے، موٹروے کو کنٹینرز لگا کر مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اٹک میں جی ٹی روڈ بھی بند کر دی گئی ٗ حسن ابدال کے شاہیا پل اور واہ گارڈن پل کو بھی نوانٹری پوائنٹ بنا دیا گیا ٗصادق آباد کے قریب سندھ کو پنجاب سے ملانے والی قومی شاہراہ پر بھی کنٹینر رکھ دئیے گئے ہیں۔ فیصل آباد موٹر وے بند کر دی گئی ٗ گوجرانوالہ جی ٹی روڈ پر بھی کنٹینر دکھائی دیئے نجی ٹی وی کے مطابق موٹر وے اور جی ٹی روڈ کی بندش سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ ا خواتین اور بچوں کے ساتھ مسافر سامان اٹھا کر کئی کئی کلومیٹر پیدل چلتے رہے ۔