اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کو ناکام بنانے کیلئے خزانے کے منہ کھول دیئے۔ موقر پاکستانی اخبار کے مطابق حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کو ناکام بنانے کیلئے خزانے کا منہ کھولتے ہوئے دھرنے کو روکنے کا ’’اصولی فیصلہ‘‘ کر لیا۔ اخبار کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے اسلام آباد کو کھلا رکھنے کیلئے چوہدری نثار علی خان وفاقی وزیر داخلہ کو فری ہینڈ دیدیا۔رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ساتھ مل کر دھرنے کو روکنے کی حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں ’’رینجرز اور پنجاب ریزرو‘‘ کی 5 ہزار نفری طلب کر لی گئی ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ نے اسلام آباد میں رینجرز، پنجاب پولیس کی بھاری نفری، اور کنٹینرز کیلئے 45 کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں، اخبار کے مطابق حکمت عملی کو انتہائی خفیہ رکھا گیا ہے اور عمران خان اپنے تمام پتے دکھا چکے ہیں لیکن نواز شریف نے اپنے پتے ابھی تک شو نہیں کئے۔