کراچی (این این آئی)قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کراچی سے ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے رکن اشرف نور کے بھائی کو حراست میں لے لیا، گزشتہ روز گرفتار تین رہنما 30 روز کے لئے نظر بند کر دیئے گئے ہیں۔ایم کیو ایم لندن کے رہنماں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے نے شاہ فیصل کالونی میں لندن رابطہ کمیٹی کے رہنما اشرف نور کے گھر چھاپہ مارا۔ اشرف نور گھر پر موجود نہ تھے۔ تاہم اشرف نور کے بھائی کو حراست میں لے لیا گیا۔گزشتہ روز کراچی پریس کلب کے باہر سے زیرحراست لئے جانے والے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے رہنما پروفیسر حسن ظفر، کنور نوید یونس اور امجد اللہ کو تیس روز کیلئے نظر بند کرتے ہوئے سینٹرل جیل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے متحدہ لندن کے رہنماں کی ایک ماہ کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔