اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد جاتی سردی پھر لوٹ آئی،لاہور میںتیز ہواو¿ں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا،150 فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا ،مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جب کہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں، بالائی علاقوںمیں وقفے وقفے سے دن بھر برف باری ہوتی رہی، معمولات زندگی معطل ہوگئے،محکمہ موسمیات نے کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت بالائی علاقوں میں مزید برفباری جبکہ نشیبی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی۔ مختلف شہروں میں بارش کے باعث چھتیں گرنے سے تین بچوں اور ایک خاتون سمیت دس افراد جاں بحق ، چھ افراد زخمی بھی ہوگئے۔ گنگا رام ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ کی چھت کا پلستر بھی اکھڑ گیا۔ ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی موسلا دھار بارش متعدد حادثات سبب بن گئی۔ لاہور کے علاقے شاہدرہ میں ماچس فیکٹری کے قریب جانوروں کے باڑے میں کام کرنے والے 3 ملازم سو رہے تھے کہ بارش کے باعث خستہ حال چھت گرگئی جس کے باعث ملبے تلے دب کر 60 سالہ ادریس اور 55 سالہ سیف جاں بحق ہوگئے جبکہ 35 سالہ نصیر شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دونوں لاشوں اور زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ گنگا رام ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ کی چھت کا پلستر بھی اکھڑ گیا۔ ادھر ڈونگہ بونگہ کے محلہ مہاجرین میں بھی بارش نے گھر کی چھت گرا دی جس سے ماں اور بیٹی جاں بحق ہوگئی۔ کرک کے علاقے کوہ میدان میں بارش کی وجہ سے گرنے والی چھت نے ایک بچی کی جان لے لی ، حادثے میں دو خواتین بھی زخمی ہوئیں۔ مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقے سندوخیل میران کور میں شدید بارش سے عبدالمالک نامی شخص کے گھر کی چھت گر گئی جس کے باعث ایک برس کا ایاز اور تین برس کا امجد اور ان کی والدہ باچا زرینہ دم توڑ گئے ، دو بچے شدید زخمی بھی ہوگئے جنہیں پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر تلہ گنگ کے علاقے چوکھنڈی میں بارش کے باعث پولٹری فارم کی چھت گر گئی جس سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ قصور میں ابراہیم آباد میں شدید بارش سے گھر کی چھت گرگئی ، چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔