کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )کراچی نادرا آفس میں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے والے ایف سی اہلکار کے خاتون اینکر کو تھپڑ مارنے کے واقعے پر وزیر داخلہ نے نوٹس لیکر انکوائری کا حکم دیدیا جبکہ خاتون رپورٹر اورایف سی اہلکار نے ایک دوسرے کے خلاف ایف آئی آرزدرج کرادیں ۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق کراچی لیاقت آباد کے نادرا آفس میں مسائل کی نشاندہی کرتی خاتون اینکر کی فرنٹیئر کانسٹیبلری اہلکار سے تکرار ہو گئی۔ اہلکار کی بدتمیزی پر احتجاج کیا تو جواب میں خاتون کو تھپڑ دے مارا۔ خاتون اینکر نے اہلکار کے خلاف تھانہ گلبہار میں رپٹ درج کرائی تو اہلکار نے بھی جوابی کار سرکار میں مداخلت، اسلحہ چھیننے اور یونیفارم پر ہاتھ ڈالنے کے الزامات میں مقدمہ درج کرا دیا۔ادھرصحافی تنظیموں نے ایف سی اہلکارکی طرف سے مقدمہ درج کرنے کی سخت مذمت کی ہے اورحکومت سے شفاف تحقیقات کامطالبہ کیاہے ۔