کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلس ہنڈا نے پا کستان میں اپنے شیخو پورہ میں واقع موٹر سائیکل پلانٹ کی پیداواری استعداد دگنی کردی ہے جسکے بعد پلانٹ کی اسمبلی استعداد 600,000 یونٹس سے بڑھ کر 1.2 ملین یونٹس تک پہنچ گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابقہنڈا موٹر کمپنی لمیٹڈ کے صدراور نمائندہ ڈائریکٹر ٹاکا ہیرو ہاچی گو ، نے اٹلس ہنڈا کے موٹر سائیکل پلانٹ پر نئی دوسری پروڈکشن لائن کی تکمیلکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’پاکستان اب دنیا میں چھٹی بڑی ابھرتی ہوئی موٹر سائیکل مارکیٹ میں تبدیل ہو چکا ہے۔ فیکٹری کی وسعت پر خوشی ہے کہ ہنڈا کمپنی موزوں قیمت پر اعلیٰ ترین معیار کی پروڈکٹس کی فراہمی برقرار رکھتے ہوئے صارفین کو مزید خوشیاں دے پائے گی۔‘‘اس نئی پروڈکشن لائن کی تکمیل کے بعد اب کمپنی کی مجموعی پیداواری استعداد 1.35 ملین یونٹس تک پہنچ چکی ہے جس میں ملک کے جنوبی حصے میں واقع کراچی پلانٹ کی 150,000یونٹس کی پیداواری صلاحیت بھی شامل ہے۔ اٹلس ہنڈا لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ، ثاقب ایچ۔ شیرازی نے کہا کہ ’’پیداواری استعداد میں اضافے کے ساتھ، اٹلس ہنڈا اب صارفین کی ضروریات کو بروقت پورا کرنے کی پوزیشن میں آ چکی ہے۔ ہنڈا موٹر اور اٹلس گروپ کے درمیان کامیاب شراکت داری، جو اب 53ویں برس میں داخل ہو چکی ہے، پاکستانی منڈی کی ابھرتی ہوئی قوت اور مستقبل کی صلاحیت کی ایک علامت ہے۔‘‘ہنڈا موٹر کمپنی لمیٹڈ کے آپریٹنگ آفیسر اور ڈائریکٹر، چیف آپریٹنگ آفیسر، موٹر سائیکل آپریشنز، شن جی آؤیاما؛ ہنڈا موٹر کمپنی لمیٹڈ کیچیف آپریٹنگ آفیسر، ریجنل آپریشنز (ایشیاء & اوشیا نا) (اور ایشین ہنڈا موٹر کمپنی، لمیٹڈ کے صدر & چیف ایگزیکٹو آفیسر )، نوری آکی ایبے اور اٹلس گروپ کے صدر، عامر ایچ۔ شیرازی کے علاوہ کمپنی کے کاروباری شراکت داروں ، سپلائیرز، ہنڈا موٹر ڈیلرز اور AHL سے منسلک 750 کے قریب ارکان نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔AHL پاکستان میں موٹر سائیکل مارکیٹ کی متوقع وسیع طلب کو پورا کرنے کے لئے آئندہ تین برسوں کے دوران مختلف مراحل میں شیخوپورہ پلانٹ پر مشیننگ اور دیگر شعبوں میں اپنی پیداوار میں اضافہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔