اسلام آباد(نیوز ڈیسک)گلگت بلتستان میں پولیس کا کہنا ہے کہ ضلعی جیل سے فرار ہونے والے دو قیدیوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔پولیس کے مطابق یہ دونوں قیدی میناور کے علاقے میں پولیس کا محاصرہ توڑنے میں کامیاب رہے ہیں اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں مقامی تھانے کے ایس ایچ او زخمی بھی ہوئے ہیں۔جمعرات کی شب ڈسٹرکٹ جیل سے فرار ہونے والے دو قیدیوں میں سے ایک کا تعلق نانگا پربت حملہ کیس سے تھا جس میں ایک دس غیر ملکی سیاح اور ایک پاکستانی ہلاک ہوئے تھے۔اتوار کی صبح سے گلگت کے مضافاتی علاقے جگلوٹ میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے ۔خیال رہے کہ جمعرات کو فرار کی کوشش کرنے والے چار قیدیوں میں سے ایک کو زخمی حالت میں زندہ گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ ایک قیدی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا تھا۔