سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں میں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی طور پرنظر بند کشمیری نوجوان کی والدہ اپنے بیٹے کے راہ تکتے تکتے اس دنیا سے رخصت ہوگئی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر کے صورہ میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں زیر علاج ہاجرہ نے گزشتہ روز بستر مرگ پرآخری سانس لی ۔ہاجرہ آخری وقت تک اپنے بیٹے کا انتظار کرتی رہی تاہم کوٹ بھلوال جیل میں نظربند بیروہ کے محمد شفیع وانی کو اپنی علیل والدہ کا آخری دیدار کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ یا د رہے موجودہ انتفادہ میں بھارتی پولیس نے محمد شفیع وانی کوگزشتہ ماہ کی7تاریخ کو گرفتار کرکے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں منتقل کردیا تھا۔بیٹے کی گرفتاری کے دو روز بعد ہاجرہ کو صورہ ہسپتال میں میں داخل کرایا گیا جہاں وہ ایک ماہ تک زیر علاج رہنے کے بعد وفات پاگئی۔محمد شفیع پیشے سے ایک مزدور تھا اور اپنے کنبے کا واحد کفیل تھا۔مقامی لوگوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارتی پولیس نے محمد شفیع کو جھوٹے الزما ت میں ملوث کر کے بلا جواز طور پر گرفتار کرکے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل میں نظر بند کررکھا ہے ۔