اسلام آباد(نیوز ڈیسک)یو اے ای حکام کا کہنا ہے کہ انٹر پول کے ہاتھوں گزشتہ سال دسمبر میں گرفتار ہونے والے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو تحویل میں لینے یو اے ای جانے والے سندھ پولیس کے افسران تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے پاکستان حکومت کو ایک خط کے ذریعے لکھا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے عزیر بلوچ کی حوالگی کے حوالے سے اپنے جن نمائندوں کو یو اے ای بھیجا ہے ان کے نام اور پاسپورٹ نمبر بھیجیں جبکہ ملزم کی حوالگی کے حوالے جامع دستاویزات جلد از جلد یو اے ای کی حکومت کو پیش کریں تاکہ ملزم کو ان کے حوالے کیا جا سکے۔ پاکستان میں موجود عزیر بلوچ کی اہلیہ اور دیگر گھر والوں کو اس بات کا یقین ہے کہ عزیر کو پاکستانی حکومت کے حوالے نہیں کیا جائے گا جبکہ سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو بہت جلد پاکستان لایا جائے گا ۔