ملتان (نیوز ڈیسک) پولیس نے مسجد اور گورنمنٹ گرلز سکول کو بم سے اڑانے کے دھمکی آمیز خطوط لکھنے کے الزام میں مسجد کے پیش امام کو گرفتار کرلیا۔
گولی نہ چلنے پر بم دیکھا کر بینک لوٹ لیا، ویڈیو دیکھیں
پولیس کے مطابق چند روز قبل تھانہ الیہ کے علاقے جھوک وینس خورد میںقائم جامعہ مسجد چشتیہ کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا جس میں مسجد کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ بعدازاں اس مسجد کے پیش امام قاری حضور بخش نظامی نے پولیس کو بتایا کہ اسے ایک نمبر سے دھمکی آمیز کال بھی موصول ہوئی۔ اسی دوران جھوک وینس خورد میں قائم گرلز پرائمری سکول کو بھی خط ملا کہ لڑکیوں کو پڑھانے کی اسلام میں اجازت نہیں اس لئے سکول بند کردیں ورنہ بم سے اڑادیا جائے گا۔ ایس ایچ او تھانہ الیہ ر ائے محمد اکرم نے مقامی اخبار کو بتایا کہ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ جامعہ چشتیہ کے امام قاری حضور بخش نظامی نے دھمکی آمیز خطوط والا ڈرامہ کیا تھا اور یہ خطوط اس نے خود لکھے تھے جبکہ ا سے کوئی دھمکی آمیز کال بھی موصول نہیں ہوئی تھی اور یہ نمبر اس کے کسی جاننے والے کا تھا۔