اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سینئراداکارہ بہاربیگم نے کہاہے کہ ہمارے ملک میں خواندگی کی شرح بہت کم ہے جس کے باعث ہمارے معاشرے سے جہیز جیسی لعنت کا خاتمہ آج بھی نہیں ہوسکا،میری والدین کو تجویز ہے کہ وہ بیٹیوں کو جہیز میں اعلیٰ تعلیم کا تحفہ دیں ۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ زمانہ جاہلیت کی بے بنیاد اور فرسودہ روایات آج تک رائج ہیں اور بہت سے لوگ زیادہ سے زیادہ جہیز وصول کرنے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ وہ یہ نہیں سمجھتے کہ ایک غریب کی بیٹی کے بھی ارمان ہیں ۔ بے شمارغربت کے باعث بچیاں جہیز کی لعنت کا شکار ہو جاتی ہیں اور ان کی جوانی انتظار میں ہی ڈھل جاتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا تعلیم انسان کو شعور دیتی ہے ۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی بیٹیوں کیلئے جہیز تیار کرنے کے بجائے انہیں اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں کیونکہ جب ملک میں تعلیم کی شرح میں اضافہ ہوگا تو لڑکے بھی جہیز کے بجائے تعلیم یافتہ لڑکی کا انتخاب کرینگے جس سے غریب والدین کی پریشانی کم ہوسکتی ہے ۔