لاہور(نیوزڈیسک) تحر یک انصاف سے استعفیٰ دینے والے جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے اپنی پارٹی بنانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا‘ پارٹی کے منشور کی باقاعدہ تیاری بھی شروع کر دی جبکہ تحر یک انصاف کے ناراض لوگوں کو بھی اپنی پارٹی کا حصہ بنائیں گے ۔ اتوار کے روز اپنے ایک انٹر ویو میں جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا کہ میں نے عمران خان کے غلط فیصلوں اور انکی پالیسوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے اور تحر یک انصاف کی تباہی کا کوئی اور نہیں عمران خان خود ہی ذمہ دارہے وہاں فیصلے پارٹی کی مضبوطی کو سامنے رکھتے ہوئے نہیں جہانگیر ترین خان کی خواہش اور مر ضی کے مطابق ہوتے ہیں اور پارٹی پر قبضہ مافیا نے قبضہ کر لیا اور عمران خان ایسے لوگوں کی مر ضی کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پارٹی بنانے کا فیصلہ ملک اور قوم کے مفاد میں کیا ہے اور بہت جلد اس حوالے سے تمام معاملات سامنے لیکر آؤں گا ۔ انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کے جو بھی ناراض لوگ ہیں انکو ساتھ لیکر چلوں گا اور اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دوں گا۔