واشنگٹن(این این آئی)امریکا نے پاکستان کو سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی مدد جاری رکھنے کا یقین دلاتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بلوچستان کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے معاملے سے خود کو واضح طور پر الگ کرنے کا اعلان کردیا۔امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکی حکومت ٗپاکستان کے اتحاد اور سرحدوں کی سالمیت کا احترام کرتی ہے اور ہم بلوچستان کی آزادی کی حمایت نہیں کریں گے۔بریفنگ کے دور ان جب بھارتی صحافی نے ترجمان سے استفسار کیا کہ وہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور آزادی کی لڑائی کے حوالے سے امریکی پالیسی کی وضاحت کریں۔اسٹیٹ دپارٹمنٹ کے ترجمان نے واضح کیا کہ امریکی حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ ہم پاکستان کی سرحدوں کی سالمیت کی حمایت کرتے ہیں اور بلوچستان کی آزادی کی حمایت نہیں کرتے۔صحافی نے دوبارہ پوچھا کہ کیا آپ بھارتی وزیراعظم کے اس خاص موضوع پر دیئے گئے بیان پر ردعمل ظاہر کریں گے؟ جس پر انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنا ردعمل اسی وقت دیدیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے حوالے سے امریکا کے واضح موقف نے بھارت کے ان منصوبوں کو شدید دھچکا پہنچایا ہے جن کا مقصد اگلے ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی جانب سے جموں و کشمیر کے مسئلے کو اٹھانے سے باز رکھنا تھا۔