اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان جان کربی نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ‘امریکی حکومت، پاکستان کے اتحاد اور سرحدوں کی سالمیت کا احترام کرتی ہے اور ہم بلوچستان کی آزادی کی حمایت نہیں کریں گے’۔بلوچستان کا معاملہ عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران اْس وقت زیر بحث آیا جب ہندوستانی صحافی نے ترجمان سے استفسار کیا کہ وہ بلوچستان میں ‘انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور آزادی کی لڑائی’ کے حوالے سے امریکی پالیسی کی وضاحت کریں۔صحافی نے امریکی اہلکار کو یاددہانی کرائی کہ ہندوستانی وزیراعظم بھی بلوچستان کے مسئلے پر دلچسپی لے رہے ہیں اور انھوں نے مختلف بین الاقوامی فورم پر اس معاملے کو اٹھایا ہے۔کربی کے جواب سے غیر مطمئن صحافی نے اپنے سوال کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں کئی شخصیات اور گروہ ‘بلوچستان کی آزادی’ کے لیے کام کررہے ہیں، کیا آپ ان کی حمایت کرتے ہیں اور کیا آپ انھیں (جو اس معاملے کو ہوا دے رہے ہیں) امریکی سرزمیں پر برداشت کریں گے؟اسٹیٹ دپارٹمنٹ کے ترجمان نے کہا کہ ‘امریکی حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ ہم پاکستان کی سرحدوں کی سالمیت کی حمایت کرتے ہیں اور بلوچستان کی آزادی کی حمایت نہیں کرتے’۔