اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ٹیلی ویژن کے نو مختلف ٹی وی چینلز کے چند روز قبل جاری ہونے والے نئے لوگوز چوری اور نقل جیسے سنگین الزامات کی زد میں آگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ نئے لوگوز کو ناظرین چربہ سازی قرار دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں جن میں سے ایک صارف نے تو یہاں تک کہہ دیاکہ پی ٹی وی نے انٹرنیٹ ایکسپلورر کا لوگو استعمال کیا ہے۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کے پاس ڈیزائنرز کی کمی ہو گئی ہے ۔
ایک دوسرے صارف کے مطابق پی ٹی وی کو چاہئے کہ لوگو نہیں اپنے اینکرز بدلے تاکہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے ۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں بھی لوگو تیار کرنے والوں کی ایسی کمی کہ پی ٹی وی کو بس یہی لوگو ملا تھا؟
ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا تو مریخ پر پہنچ گئی مگر پی ٹی وی بیس سالہ پرانا لوگو ہی نہیں چھوڑ رہا۔
ایک صارف نے پی ٹی کے لوگو کو سیف گارڈ کے لوگو کی نقل قرار دیا ۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ان تبصروں کے باوجود پی ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے مکمل طور پر گریز کیا گیا ہے ۔