ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک)روس کے صدر ولادی میر پیوتن کی سرکاری گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا، تاہم حادثے کے وقت صدر پیوتن گاڑی میں موجود نہیں تھے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کے صدر ولادی میر پیوتن کی سرکاری گاڑی کو حادثہ گذشتہ روز دارالحکومت ماسکو کی شاہراہ پر اس وقت پیش آیا جب صدر کی مرسیڈیز کار سامنے سے آنے والی بی ایم ڈبلیوکار سے ٹکرا گئی۔ کلوز سرکٹ کیمرے میں حادثے کے مناظر محفوظ ہوگئے تھے جس کی ایک فوٹیج ذرائع ابلاغ پر نشر کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر پیوتن کے ڈرائیور حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ہلاک ہونے والے ڈرائیور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والا ڈرائیور صدر پیوتن کا پسندیدہ ڈرائیور تھا جو سرکاری شعبے میں 40 سال سے کام کررہا تھا۔ حادثے کے وقت اس کے سوا گاڑی میں اور کوئی نہیں تھا۔ امدادی کارکنوں اور رضاکاروں نے اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔