لندن (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے تسلیم کیاہے کہ پاکستانی ٹیم اس وقت ون ڈے کرکٹ میں دنیا سے بہت پیچھے ہے۔ایک غیرملکی خبررساں ادارے کوانٹرویودیتے ہوئے اظہرعلی نے کہاکہ سٹرائیک ریٹ کے معاملے میں پاکستانی ٹیم باقی دنیا سے کافی پیچھے ہے۔اظہر علی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز بہت سخت رہی۔ پاکستانی ٹیم بہت اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکی لیکن اس سیریز کا ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ کچھ باصلاحیت کرکٹرز ضرور سامنے آئے ہیں جیسے حسن علی، محمد نواز اور عماد وسیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کا اس وقت ایک بڑا مسئلہ آل راؤنڈر کا ہے لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ اس دورے میں ہمیں دو آل راؤنڈر مل گئے ہیں اور اگر انھیں سپورٹ کیا جائے تو وہ ٹیم کے لیے بڑے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔‘اظہر علی نے اپنی بیٹنگ کی کارکردگی کے بارے میں کہا کہ کسی بھی کپتان کے لیے بہت ضروری ہوتا ہے کہ وہ اپنی انفرادی کارکردگی سے ٹیم کے لیے مثال بنے۔انھوں نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی ہوگی تاکہ وہ تیار ہوکر میچ ونرز بن سکیں۔