مردان (مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ملاقات ہوئی، جس میں مردان میں ہونے والے دہشتگردی کے حملے کی شدید مذمت کی گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے چیئرمین تحریک انصاف کی ملاقات مردان میں ہیلی پیڈ پر ہوئی، آرمی چیف اور عمران خان کی ملاقات5سے 6منٹ جاری رہی، جس میں عمران خان نے کہا کہ مردان میں دہشتگردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ضلع کچہری گیٹ پر ہونے والے خود کش حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مردان میڈیکل کمپلیکس میں ضلع کچہری میں ہونے والے خود کش حملے کے زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور کور کمانڈر پشاورنے بھی مردان میڈیکل کمپلیکس میں زخمیوں کی عیادت کی اور انھیں مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔واضح رہے کہ آج صبح مردان ضلع کچہری کے مرکزی دروازے پر خود کش بمبار نے پہلے ہینڈ گرینیڈ سے حملہ کیا اور پھر خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہو گئے تھے۔