مکہ مکرمہ (این این آئی)مسجد الحرام کی انتظامیہ نے حج سیزن کے دوران حاجیوں کی کثیر تعداد طرف سے غلافِ کعبہ کو کھینچنے اور اس کے پھٹ جانے کے پیش نظراسے سطح زمین سے تین میٹر اونچا کر کے تہہ کر دیا ہے ۔ دوسری طرف نیا غلافِ کعبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے جو نو ذی الحج کو یوم عرفا کے موقع پر کعبہ پر چڑھایا جائے گا۔علاوہ ازیں مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین اور مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے ہدایت کی ہے کہ حج سیزن کے اختتام تک کعبہ کا صحن صرف طواف کے لئے استعمال کیا جائے جبکہ نمازوں کی ادائیگی مسجد الحرام کے دیگر حصوں میں کی جائے گی ۔ یہ فیصلہ طواف کے لئے آنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافے کے پیش نظر ان کی سہولت کے لئے کیا گیا ہے ۔مطاف کی حالیہ توسیع کے بعد یہاں ایک گھنٹے کے دوران ایک لاکھ سات ہزار افراد کے طواف کرنے کی گنجائش ہے۔ گورنر مکہ نے حاجیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی سہولت اور حفاظت کے لئے سیکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کریں۔