جہلم (این این آئی)مقامی عدالت نے پاکستانی نڑاد برطانوی خاتون سامعہ شاہد قتل کیس کے ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ پیر کے روز سامعہ شاہدقتل کیس کے مرکزی ملزمان مقتولہ کے والد چودھری شاہد اور پہلے شوہر شکیل کو عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر پولیس نے اپنی رپورٹ پیش کی اور عدالت کو بتایا کہ قتل کیس کے تمام شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اس لیے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے۔ عدالت نے پولیس کی استدعا پر دونوں ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔واضح رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سامعہ شاہد کے سابق شوہر شکیل نے پولیس کو دئیے گئے اپنے اعترافی بیان میں بتایا تھا کہ اسی نے دوپٹے سے گلا دبا کر اپنی سابقہ بیوی کو قتل کیا تھا۔