اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بھی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ طاہرالقادری کی باتیں اسلام آباد والے پہلے بھی دو مرتبہ سن چکے ہیں ٗطاہرالقادری نے گزشتہ حکومت کو رات اڑھائی بجے دو منٹ کا وقت دیا لیکن اس حکومت نے بھی اپنی مدت پوری کی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ستمبر کو ستم گر بنانا چاہتے ہیں لیکن ستمبر مہربان ہی رہے گا اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ پرویز رشید نے کہا کہ براہمداغ بگٹی کے بیان کا جواب بلوچستان کے نوجوانوں نے جشن آزادی منا کر اور گزشتہ روز ہزاروں کی تعداد میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا کر دیا ، براہمداغ نے یہ آوازیں ضرور سنی ہونگی۔