کراچی(این این آئی) شہرقائد میں بچوں کے اغوا کی وارداتوں کی افواہیں حقیقت کا روپ دھارنے لگیں، گلشنِ اقبال سے ایک اغوا کار گرفتار کرلیا گیا ، گزشتہ دو روز میں تین اغوا کار گرفتارلرلیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال سے ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے جو کہ ریلوے لائن سے سونیا نامی تین سالہ بچی کو اغوا کرنے کی کوشش کررہا تھا۔اس موقع پر بچی کی والدہ نے ذہانت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شور مچادیا جس پر ملز م پکڑا گیا اور پولیس ہیلپ لائن ون فائیو پر اطلاع دے کر ملزم کو گرفتار کرایا گیا، پولیس نے بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔واضح رہے کہ شہرِ قائد میں دو دنوں میں بچوں کے اغوا کا یہ تیسرا مقدمہ درج ہوا ہے گزشتہ روز گلشن اقبال کے علاقے سے ہی سعدیہ جنید نامی خاتون علیزہ نامی بچی کو گرفتار کرتی ہوئی پکڑی گئی تھی جبکہ زمان ٹاون کے علاقے سے شہباز نامی بچے کواغوا کی کوشش کے دوران اہل علاقہ نے رنگے ہاتھوں پکڑلیا تھا۔اس حوالے سے پولیس کا موقف ہے کہ ان واقعات کی ہوا چل رہی ہے ، پولیس جہاں بھی اس قسم کی اطلاع ملتی ہے بروقت کارروائی کررہی ہے کہ بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔یاد رہے کہ شہر قائد میں بچوں کے اغوا کے واقعات کی افواہیں گزشتہ کئی دن سے گردش کررہی تھیں تاہم اب واقعات رپورٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں جبکہ اس سے قبل لاہور میں سینکڑوں کی تعداد میں بچے رواں سال اغواکاروں کا نشانہ بن چکے ہیں ۔