کراچی (این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں 1 ہزار کانسٹیبل اور 500 اے ایس آئی بھرتی کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی نے وزیراعلیٰ سندھ کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے معاملات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی کو اسٹاف الاؤنس، دیگر اخراجات اور بہتری کے لئے 36 کروڑ 40 لاکھ روپے کی ضرورت ہے جبکہ سی ٹی ڈی کو مزید ایس ایس پی سطح کے افسران کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے دوران بریفنگ بتایا کہ سی ٹی ڈی کو بلٹ پروف گاڑیوں کی ضرورت ہے جس کے لئے 35 کروڑ 70 لاکھ روپے درکار ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی ثناء اللہ عباسی کو مکمل تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سی ٹی ڈی میں بہتری لائیں گے اور اس کی فورس ہر ڈویژن میں ہوگی۔