کراچی (این این آئی)کراچی پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم کی بھوک ہڑتالی کیمپ میں شریک رکن صوبائی اسمبلی سیف الدین خالد اور یوسف شاہوانی کی حالت غیر ہوگئی۔ دونوں ارکان اسمبلی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کراچی پریس کلب کے سامنے تیسرے روز بھی بھوک ہڑتال جاری ہے۔ جس میں ارکان پارلیمینٹ یوسف شاہوانی، شیخ صلاح الدین اور سیف الدین سمیت،رابطہ کمیٹی ارکان، ذمہ داران اور مرکزی رہنما شریک ہیں۔ تین روزہ بھوک ہڑتال کے باعث بھوک ہڑتالی کیمپ میں شریک رکن صوبائی اسمبلی سیف الدین خالد اور یوسف شاہوانی کی حالت غیر ہوگئی ہے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے تادم مرگ بھوک ہڑتال سترہ اگست کی رات شروع ہوئی تھی، جو ابتک جاری ہے۔ ایم کیو ایم کا موقف ہے کہ انکے کارکنان کا سیاسی ،معاشی، سماجی اور جسمانی قتل کیا جارہا ہے، جبکہ کارکنان کی گرفتاریاں اور چھاپے غیر آئینی ہیں۔ رابطہ کمیٹی ارکان کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ ان اقدامات کے ختم ہونے تک بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔