لاہور ( این این آئی )پنجاب میں گاڑیوں کی نمبرپلیٹ کے حصول کے لئے آن لائن سسٹم متعارف کروا دیا گیا ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ایس ایم یو کے اشتراک سے آن لائن سسٹم کے ذریعے عوام کو بہترین سہولت فراہم کی گئی ہے۔ گاڑی مالکان نمبر پلیٹ کی معلومات حاصل کرنے کے لئے آن لائن سسٹم سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ اگر گاڑی مالکان کو نمبرپلیٹ کی فیس جمع کروانے کے باوجود بھی نمبرپلیٹ موصول نہیں ہوئی تو وہ محکمہ ایکسائز‘ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کی ویب سائٹ www.excise.punjab.gov.pk سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ معلومات متعلقہ رجسٹرنگ اتھارٹی کے دفتر سے بذریعہ ہیلپ لائن 0800-08786 سے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ غیرمجاز نمبرپلیٹ تیار کرنے والے کو ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔ بعدازاں جعلی نمبرپلیٹ تیار کرنے والے کو 2سال قید اور 2لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔ محکمہ ایکسائز کی نمبرپلیٹ کے علاوہ جعلی نمبرپلیٹ بنانے والے اور لگانے والے بھی اعانت جرم کے مرتکب ہوں گے۔