اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کو 30ستمبر تک اپنے اثاثوں اور واجبات کے سالانہ گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے بتایا کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1976ء کی دفعہ 42 اے اور سینیٹ الیکشنز ایکٹ 1975کی دفعہ 25اے کے تحت ارکان پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان پر اپنے اثاثوں اور واجبات کے سالانہ گوشوارے جمع کرانا لازم ہے۔ ارکان کے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات آفیشل گزٹ میں شائع کی جائیں گی جس کی کاپی مقررہ فیس ادا کر کے حاصل کی جا سکتی ہے۔ الیکشن کمیشن ہر سال 15اکتوبر تک اپنے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان کے نام مشتہر کرے گا اور ایسے ارکان کو گوشوارے جمع کرانے تک کام سے روک دیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق گوشواروں میں غلط بیانی کرنے والے ارکان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔