پشاور(این این آئی) خیبر پختونخوا حکومت نے عوام کے وسیع تر مفاد میں پولیس کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانے کے لیے خیبر پختونخوا پولیس آرڈیننس 2016 کا اجراء کردیا ہے آرڈیننس کے تحت ضلع پولیس آفیسر کو اس امر کا پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ ضلعی اسمبلی میں پولیس کی چھ مہینے کی کارکردگی کے بارے میں عوامی نمائندگان کو آگاہ کرکے اعتماد میں لیں گے اور پولیس کی کارکردگی ، درپیش مسائل اور چیلنجزکے بارے میں ان کی رہنمائی حاصل کریں گے آرڈیننس کو عوامی فلاح و بہبود اور پولیس کو عوام کو جواب دہ بنانے سے تعبیر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اب تک ہنگو، ہری پور ، بٹگرام، تور غر اور شانگلہ کے اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفسران متعلقہ ضلعی اسمبلیوں کو امن و آمان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دے چکے ہیں۔ عوامی نمائندہ گان نے اس اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے اس ضمن میں صوبائی حکومت کی کارکردگی اور خیبر پختونخوا پولیس کی کاوشوں کی تعریف کی ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے صوبے کے باقی تمام اضلاع کے ڈی پی اُوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلعی اسمبلیوں کے سامنے اپنے متعلقہ ضلع پولیس کی چھ مہینے کی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ اس مہینے کے اختتام تک پیش کریں اور اُن کو پولیس کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کرکے اس سلسلے میں اُن کی راہنمائی حاصل کریں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ پولیس آرڈیننس 2016 حکومت کا ایک بنیادی اور انقلابی قدم ہے اور اس پر اسکی اصل روح کے مطابق فوری عمل درآمد سے نہ صرف عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ اس سے پولیس فورس میں پیشہ ورانہ جذبے کو فروغ ملے گا اور وہ عوام کو مزید جواب دہ ہوگی۔