لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ مالی سال براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 1ارب ڈالر سے بھی کم رہی جسکی وجہ سے کرپشن ہے ، وزیر اعظم نواز شریف نے بیرون ممالک دوروں میں اپنے کاروباری اور پانامہ لیکس کے معاملات درست کئے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے غیر ملکی دوروں پر ٹیکس دہندگان کے65کروڑ روپے خرچ ہوئے جبکہ اس کے مقابلے میں پاکستان کوکیا ملا ؟۔کرپشن کے باعث گزشتہ مالی سال پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر سے بھی کم رہی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورے ٹرپ تھے جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی ان دوروں کے ذریعے اپنے ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لے کر آئے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے بچے ملک سے باہر سرمایہ کاری کر رہے ہیں،جب ملک کے وزیراعظم کے بچے باہر کاروبار کریں گے تواس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کیلئے کیسے راغب کیا جا سکتاہے ۔