لاہو ر(این این آئی )پنجاب حکومت نے اورنج لائن میٹرو ٹرین سے متعلق لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو ہدایات جاری کر دی گئیں ۔ ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ میں آنے والی 11تاریخی عمارتوں کے قریب تعمیراتی کام کے تمام اجازت نامے منسوخ کرتے ہوئے ان عمارتوں کے قریب دو سو فٹ کی حدود میں ہر قسم کی تعمیرات پر پابندی کا فیصلہ برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا ہے جسے پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس ضمن میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی مصدقہ نقول حاصل کرنے کے بعد سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی جائے گی ۔ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو بھی سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔