اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے اپنے خلاف (ن) لیگ کی جانب سے دائرکردہ ریفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ قوم جانتی ہے کہ جہانگیر خان ترین پاکستان کا صف اول کا ٹیکس دینے والا سیاستدان ہے،مخالفین جتنے بھی جعلی ریفرنسز جمع کرالیں عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ جمعرات کوپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری ایک بیان میں سیکرٹری جنرل تحریک انصاف جہانگیرخان ترین نے کہا ہے کہ کافی دنوں سے ہنسنے کا موقع نہیں ملا تھا آج نون لیگ کے ریفرنس سے کھل کر ہنسا ہوں۔جہانگیر ترین کا کہناہے کہ قوم جانتی ہے کہ جہانگیر ترین پاکستان کا صف اول کا ٹیکس دینے والا سیاستدان ہے،جتنے بھی جعلی ریفرنسز جمع ہو جائیں عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ انھوں نے ذور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی میں رہوں یا نہ رہوں،تحریک احتساب کو عمران خان کے ساتھ مل کر منطقی انجام تک پہنچاؤں گا،ان سیاسی ہتھکنڈوں کا ساری زندگی مقابلہ کیا ہے اور اب بھی ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔