اقوام متحدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس میں یوکرائن نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کریمیا میں یوکرائن کے مبینہ دہشت گردانہ منصوبوں کے حوالے سے ثبوت پیش کرے۔ اقوام متحدہ میں یوکرائن کے سفیر وولودیمیر جیل چینکو نے کہا کہ اب تک روس کی طرف سے صرف باتیں ہی سننے میں آ رہی ہیں۔ اقوام متحدہ میں روسی سفیر ویٹالی چْرکِن نے ایک بار پھر کہا کہ یوکرائن واضح طور پر ’سبوتاژ اور دہشت گردانہ کارروائی‘ کا مرتکب ہوا ہے۔ دونوں سفیروں نے امید ظاہر کی کہ یوکرائن اور روس کے اس تنازعے میں مزید شدت نہیں آئے گی۔ روس کا دعویٰ ہے کہ اْس نے یوکرائن کی جانب سے جزیرہ نما کریمیا میں ایک دہشت گردانہ منصوبہ ناکام بنا دیا ہے جبکہ یوکرائن ان الزامات کو رَد کر رہا ہے۔ روس کی طرف سے سرحدوں پر فوجی موجودگی بڑھانے کے اعلان کے بعد یوکرائن نے بھی اپنی افواج کو چوکنا رہنے کا حکم دے دیا ہے۔