اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ عمران خان احتساب تحریک چلانے سے پہلے اپنے سابق ڈی جی احتساب کمیشن کی چارج شیٹ اور الیکشن کمیشن میں چندے کے ہیر پھیر کا جواب دیں، ٗعمرا ن خان عوام کی خدمت کی ایجنڈے پر توجہ دیں ورنہ2018 کے انتخابات میں ان کی سیاست کا دھڑن تختہ ہو جائیگا انتشار سے امن اورپاک چین اقتصادی راہداری کے دشمنوں کو فائدہ پہنچے گا ٗایک انٹرویو میں پرویز رشید نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں عمران خان کی سیاست کا خاتمہ ہو جائیگا، وہ احتساب کی تحریک چلانے کا جواز کھو چکے ہیں اورعوام نے بھی ان کے الزامات کو مسترد کیا ہے، اگر وہ سچے ہوتے تو عمران خان کا کنٹینر پیچھے ہوتا اور عوام آگے ہوتے ۔ انہوں نے کہاکہ جو خود پاک صاف نہ ہو اسے دوسروں پر تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں ، عمران خان کی اپنی جماعت میں آف شور کمپنیوں کے مالکان شامل ہیں، خود عمران خان کی اپنی آف شور کمپنیاں ہیں جس کو انہوں نے 23 سال سے چھپا رکھا ہے اوراب وہ منظرعام پر آ چکی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بینکوں سے قرضہ جات ہڑپ کرنے والے خان صاحب کے دائیں اور بائیں کھڑے ہیں، عمران کو سب سے پہلے اپنے گھر میں اور اپنے ساتھیوں کا احتساب کرنا چاہئے ،خیبرپختونخوا میں انہوں نے احتساب کے سربراہ کو برطرف کیا ، اسی طرح انٹی کرپشن کے سربراہ کو او ایس ڈی بنا کر گھر بھیج دیا گیا ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کے عوام منتظر ہیں کے انہیں 2017ء کے آخر تک 10ہزار 400میگا واٹ اضافی بجلی ملنا شروع ہو جائیگی ،چین نے تیز رفتاری سے منصوبہ جات کی تکمیل پر پاکستان کی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور ان منصوبوں کو پنجاب اسپیڈ کا نام دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام گوادر کی بندرگاہ پر کام کا آغاز اورزیرتعمیر موٹرویز کی تکمیل چاہتے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ صرف اسی صورت میں روزگار کے نئے مواقع میسر ہوں گے اور معیشت ترقی کرے گی جس سے مجموعی ملکی ترقی پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ اگر عوام کو وزیراعظم محمد نواز شریف کے احتساب پر زرا بھی شک ہوتا تو وہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر اور ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں عمران کے امیدواروں کو ووٹ دیکر جتواتے تاہم حقائق اس کے برعکس ہیں اوران انتخابات میں عوام نے عمران خان اوران کی الزام تراشی کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سڑکوں پر آکر انتشار سے ناصرف بجلی کے منصوبہ جات تاخیر کا شکار ہونگے بلکہ غیر ملکی سرمایہ کار بھی یہاں سرمایہ کاری کرنے سے اجتناب کرینگے ، دوسری جانب انتشار کی صورت حال سے ملک دشمن عناصر کیلئے فائدہ مند ثابت ہوں گی جن کی سی پیک منصوبوں پر بری نظر ہے اور وہ ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہیں چاہتے ٗ انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد اور ملکی سلامتی کے اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان میں امن قائم ہوا ہے، عمران کی سیاست سے امن کے دشمن فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ عمران کی سیاست کو عوامی حمایت حاصل نہیں ورنہ جب پانامہ پیپرز آئے تھے اس وقت پاکستان کے عوام عمران سے پہلے آکر احتجاج کرتے ، عوام منفی سیاست میں الجھنا نہیں چاہتے ، عوام دھرنوں اور احتجاج کی سیاست سے تنگ ہیں اور خدمت کی سیاست چاہتے ہیں اور یہ نواز کی قیادت میں ہی ممکن ہے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین سالوں میں مسلم لیگ (ن) کے کسی عہدیدار پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا ، عوام ،کئی سیاسی جماعتوں اوربین الاقوامی اداروں نے موجودہ حکومت کی طرف سے شروع کردہ منصوبوں کی شفافیت کا اعتراف کیاہے ، عوام کو نواز شریف کی دیانت پر پورا یقین ہے اس لیے عوام نے عمران کی پھیلائی ہوئی کہانیوں پر یقین نہیں کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ 2014 ء میں دھرنا تحریک میں پوری قوم نے خالی کرسیوں سے عمران خان کا خطاب دیکھا، اس وقت بھی اورآج بھی لوگوں نے عمران کے الزامات کو مسترد کیا ، اگر الزامات میں کوئی سچائی ہوتی تو عمران خان کا کنٹینر پیچھے ہوتا اور عوام آگے ہو تے ، ماضی میں ایسا ہوتارہا ہے ، عدالیہ بحالی تحریک میں عوام خود سڑکوں پر نکل آئے تھے ، اسی طرح ایوب خان اور یحییٰ خان کی آمریت کے خلاف بھی عوام سڑکوں پر نکلے تھے، عمران خان کو تو مجمع اکٹھا کرنے کیلئے بھی کاوش کرنی پڑتی ہے ، لاکھوں کروڑوں روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں اور باقاعدہ مہم چلانی پڑتی ہے ۔اس مرتبہ بھی وہ اسی طرح مجمع اکٹھا کرکے اپنے ساتھ لیکر آئیں گے جو دنوں میں تحلیل ہو جانا ہے ، ہم صبر وتحمل اور برداشت سے کام لیں گے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان کو دھرنے کی بجائے پارلیمنٹ آکر جہاں سے وہ ہمیشہ غائب رہتے ہیں، احتساب کے مزید قوانین بنانے میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے اور اپنی تجاویز بھی دینی چاہئیں تاکہ قوانین کو مزید بہتر بنایا جاسکے تاہم اگر وہ پارلیمنٹ میں آکر احتساب کیلئے قوانین بنانے میں تعاون نہیں کرتے تو یقیناًیہ حکومت کا فرض ہے اور ہم احتساب کے عمل کو شفاف اور پختہ بنانے کیلئے قانون سازی کرینگے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم نے عمران کی 120دن کی مکمل فلم دیکھی ہے ، وہ فلم فلاپ تھی ٗہماری حکمت عملی ہوگی کہ ہمارے ترقیاتی منصوبہ جات پر دن رات کام جاری رہے تاکہ عمران کی سازش کو ناکام بنایا جائے ۔ ہم پاکستان میں امن کے دشمنوں کو سر اٹھانے کا موقع نہیں دینگے اور پاکستان میں امن کو مزید تقویت دینگے ۔