لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی چیریٹیز سے متعلق شائع شدہ معلومات انتہائی لغو اور حقائق کے بالکل برعکس ہیں،چیرٹی کمیشن کی جانب سے چیئرمین عمران خان کی کسی بھی چیریٹی کیخلاف کسی تحقیق کا علم نہیں۔ ترجمان کا اپنے بیان میں کہنا تھاکہ چیریٹی کمیشن کو کسی قسم کی معلومات یا تحقیقات درکار ہوتیں تو ٹرسٹیز کے علم میں لائی جاتیں۔تمام بنک اکاؤنٹس اور چندہ مہموں کی تمام تر تفصیلات ٹرسٹیز کے علم میں ہیں۔چندے کی رقوم دبئی میں چیئرمین کی ہمشیرہ کو بھجوانے کی معلومات بالکل ناقص اور غلط ہیں۔چندے کی رقم کے بارے میں آف شور کمپنی میں سرمایہ کاری کے حوالے سے معلومات بھی درست نہیں۔ ترجمان نے کہا ہے کہ چیریٹی کمیشن کی جانب سے کبھی بھی منی لانڈرنگ کا خدشہ ظاہر نہیں کیا گیا۔عمران خان کی ہمشیرہ پر نمل کالج کیلئے چندہ اکٹھا کرنے اور دبئی میں اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا الزام بھی بالکل بے بنیاد ہے۔علیمہ خان ٹرسٹی ہیں نہ ہی ان کا مالیات سے کسی قسم کا کوئی تعلق ہے۔