لاہو ر(این این آئی )لاہور میں کا نگو وائر س کا خطرہ بڑھنے لگا ، مزید 2مشتبہ مریض سامنے آگئے ، 70سالہ رانی بی بی اور 9سالہ صباء کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کو بھجوا دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کانگو وائرس کے مزید دو مشتبہ مریض سامنے آگئے جن میں جن میں 70سالہ رانی بی بی اور 9سالہ صبا شامل ہیں ، دونوں مشتبہ مریضوں کو میو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے ، مشتبہ مریضوں کے خون کے نمونے ٹیسٹ کیلئے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ بھجوا دئیے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور میں کانگو وائرس کے دو مشتبہ مریض سامنے آئے تھے جنہیں طبی امداد کیلئے سروسز ہسپتال لایا گیا تھا ۔دونوں کے ٹیسٹ کروائے گئے جن میں سے پھلرواں سے تعلق رکھنے والے مریض عمران کو رپورٹ میں کانگو وائرس سے کلیئر قرار دیا گیا جبکہ اچھرہ لاہور سے تعلق رکھنے والے دوسرے مشتبہ مریض امتیاز کے بلڈ کے نمونے اسلام آباد بھیجے گئے ہیں جن کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ کانگو وائرس کے اب تک مجموعی طور پر چار مشتبہ کیسز سامنے آچکے ہیں ۔