اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما ورکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف پشاور سے تحریک شروع کرنا عمران خان کا درست فیصلہ ہے کیونکہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ جمعہ کو عمران خان کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کی کرپشن کے خلاف پشاور سے تحریک شروع کرنا درست فیصلہ ہے کیونکہ خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی حکومت نے کرپشن کے ریکارڈ تو ڑ دیے ہیں۔ خیبر پختونخواہ میں معدنیات اور بی ایچ یوز کے ٹھیکے جہانگیر ترین کو دیے گئے ہیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان آف شور کمپنی کے مالک ہو کر دوسروں کے خلاف احتجاج کر تے ہیں ، ان کی تحریک اگر کرپشن کے خلاف ہے تو کرپشن صر ف خیبر پختونخواہ حکومت پر ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت کو چاہیے کہ احتساب کمیشن کے سربراہ کے انکشافات پر بھی کمیشن بنانا چاہیے ۔ عمران خان نے تسلیم کر لیا ہے کہ وہ اداروں پر اپنی مرضی کا فیصلہ کرانے کیلئے دباؤ ڈال ر ہے ہیں۔