اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن)نے کہا ہے کہ عمران خان نے 1981ء سے لے کر 2015ء تک کے ٹیکس، منی لانڈرنگ اوراثاثہ جات کو اپنے گوشواروں میں کم ظاہر کیا ہے ٗ عمران خان نے احتساب کا ڈونگ رچایا، پہلے کرکٹ کے ہیرو بنے پھر مشرف کے ہیرو بنے آج کرپشن ، منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے ہیرو نکلے ہیں ٗاپنی اے ٹی ایم مشینوں کا حساب دینا ہو گا ۔جمعہ کو اراکین قومی اسمبلی دانیا عزیز اور طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کے پاس تمام ثبوت اور تفصیلات کے ساتھ ایک ریفرنس فائل کیا ہے جس میں عمران خان کے 1981ء سے لے کر 2015ء تک کے ٹیکس، منی لانڈرنگ اوراثاثہ جات کو اپنے گوشواروں میں کم ظاہر کرنا اور چھپایا گیا ہے۔ وزیر مملکت محمد زبیرنے کہا کہ عمران خان نے 1983ء سے انگلینڈ میں دو لاکھ پاؤنڈ سے ایک فلیٹ خریدا اور انہوں نے سالانہ اپنی ایک لاکھ پاؤنڈ آمدن ظاہر کی جبکہ انہوں نے دو لاکھ پاؤنڈ کا فلیٹ کس طرح خرید لیا۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء میں آف شور کمپنی میں پکڑے گئے اس آف شور کمپنی کو 1983ء سے کر لے 2016ء تک چھپائے رکھا۔ پرویز مشرف کے دور حکومت میں کالے دھن کو سفید کرنے کے لئے ٹیکس ایمنیسٹی سکیم متعارف کرائی گئی جو عام لوگوں کے لئے تھی۔ ان کا فلیٹ پہلے ان کے نام تھا اس کے بعد انہوں نے خود بتایا کہ انگلینڈ والا فلیٹ آف شور کمپنی کیلئے بنایا تھا اور اس کمپنی کو ٹیکس ریکارڈ میں ظاہر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 1981ء سے لے کر 2001ء تک اپنی آمدن 56لاکھ روپے ظاہر کی جبکہ انہیں ایک کروڑ دس لاکھ آمدن 2001ء میں باہر سے آئی جس میں سے 65لاکھ روپے سے بنی گالا میں زمین خریدی گئی۔ 2004ء میں اس کی بیوی کو تحفہ میں دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحفہ تو صرف خون کے رشتہ میں ہوتا ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ ہم نے عمران خان کی نااہلی کے لئے آئین کے آرٹیکل 63کے تحت سپیکر قومی اسمبلی کے پاس ایک ریفرنس دائر کیا ہے جب آئین میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ کسی بھی ایم این ایز کے خلاف قومی اسمبلی کے ممبر شپ ختم کرانے کے لئے سپیکر کے پاس ریفرنس دائر کیا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح الیکشن کمیشن میں شیخ رشید لطیف کھوسہ کی جانب سے ریفرنس دائر ہوئے ہیں ان میں کسی قسم کا ثبوت نہیں ہے اور نہ ہی پانامہ پیپرز کا ثبوت ہے۔ شیخ رشید نے درخواست واپس لے لی ہے جبکہ ان کی درخواستیں پڑھی ہی نہیں جا سکتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جان بوجھ کر سازش کے تحت الیکشن کمیشن میں گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جان بوجھ کر ٹی او آرز کمیٹی سے ہٹ رہی ہے۔ پی ٹی آئی کلچر فارن فنڈنگ کا سنگین مقدمہ ہے، پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے کہ وہ سوچی سمجھی سازش کے تحت سازش کر رہے ہیں جبکہ فارن فنڈنگ عمران خان کے خلاف مقدمہ چل رہا ہے اس حوالے سے ثبوت پیش کریں گے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کی بنیاد ٹیکس چوروں اور اعلیٰ طبقے کے خلاف رکھی گئی تھی۔ عمران خان نے احتساب کا ڈونگ رچایا، پہلے کرکٹ کے ہیرو بنے پھر مشرف کے ہیرو بنے آج کرپشن ، منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے ہیرو نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دائیں بائیں اے ٹی ایم اور زمینوں پر قبضہ مافیا کھڑے ہیں۔ ایک کا سپریم کورٹ میں مقدمہ چل رہا ہے اور دوسرے کے خلاف نیب میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے جو اکٹھے ہو کر چور چور کر رہے ہیں، ریفرنس آپ کو نااہل کرانے کے لئے دائر کیا گیا ہے۔ عمران نے ٹیکس چوری کی نہیں لانڈرنگ اور ناجائز اثاثے بنائے اور اپنی آمدن کو کم ظاہرکیا ۔ اب وہ چھپیں نہیں باہر نکلیں اور انہیں اپنی اے ٹی ایم مشینوں کا حساب دینا ہو گا، ایک کے خلاف نیب اور دوسرے نے قرضہ معاف کرایا، آپ نے نااہلی چھپانے کی کوشش کی اور آپ نے عمران خان کو جہاز اس لئے دیا ہے کہ آپ کے کرتوت چھپ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی کے خلاف ریفرنس سپیکر کے پاس جمع کروا دیا ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی و وزیرمملکت کیڈ طارق فضل چوہدری بھی موجود تھے۔