پشاور(این این آئی)پشاور میں مقیم افغان مہاجرین کے نمائندوں اور مشران نے مہاجرین کی واپسی سے متعلق اقوام متحدہ کے کردار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں مکمل امن تک افغانوں کی واپسی سے کئی طرح کی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں ۔ پریس کلب پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افغان مہاجرین کے نمائیندوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیئے سہولیات کا فقدان ہے جبکہ افغانستان میں جنگ کی وجہ سے تعلیم روزگار اور صحت کی سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں مشران افغان مہاجرین نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی میں حائل مشکلات تک افغان سٹیزن کارڈ میں توسیع کی جائے ان کا مطالبہ تھا کہ غیر قانونی قیام کے الزام میں گرفتار تمام افغان باشندوں کو رہا کیا جائے رجسٹرڈ اور کارڈ کے حامل افغان مہاجرین کو کاروبار کے لیئے پاکستان آنے جانے کی اجازت دی جائے مشران مہاجرین کے مطابق پاک افغان تعلقات میں کشیدگی کے باعث پاکستان میں افغانوں کے ساتھ رویہ خراب ہوا ہے انہوں نے کل اپنے کیمپوں میں احتجاج کرنے کا بھی اعلان کیا۔