لاہور (این این آئی)صوبائی محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے لاہور میں میں ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کے جدید نظام کا باقاعدہ نفاذ کر دیا ہے،یہ نظام راوی موٹرز اور سٹی کارسنٹر لاہور پر ابتدائی طور پر نصب کیا گیا ہے جبکہ فیصل آباد اور ملتان میں بھی یہ نظام متعارف کروادیا گیا ہے۔یہ بات صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الر حمن نے راوی موٹر اور سٹی کارسنٹر پر نصب سسٹم کے معائنہ کے موقع پرذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن احمد بلال صوفی،ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈیلرز وہیکل نظام کی بدولت گاڑی کی چوری چکاری کا خاتمہ ہو گا اور کار مالکان سکون کی نیند سوئیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ نظام عالمی معیار کے مطابق اور براعظم ایشیا میں پاکستا ن پہلا ملک ہے جہاں پر یہ نظام نافذ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کا باقاعدہ افتتاح وزیراعلی محمد شہباز شریف جلد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کا ایک اہم فائدہ یہ بھی ہے کہ گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹس لگانے کا انسداد ہو گا اور کار چوری موثر روک تھام بھی ممکن ہو گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی خدمت کے لئے شب وروز سرگرم عمل ہے اور عوامی بھلائی کے منصوبوں کے لئے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنایا جارہا ہے۔