اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیرپانی وبجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چین تھرکول بلاک ون میں تین ارب دس کروڑ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کریگا۔ منصوبیسیایک ہزارتین سوبیس میگاواٹ بجلی کی پیداوارہوگی۔وزیرپانی وبجلی خواجہ آصف نے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ تھرمیں توانائی منصوبے پرچینی کمپنی شنگھائی الیکٹرک سرمایہ کاری کرے گی۔ منصوبے کے لئے تھرسے سالانہ78لاکھ ٹن سالانہ کوئلہ نکالا جائیگا۔ دریں اثنا ایرانی سفیرمہدی ہنردوست نے وفاقی وزیرپانی وبجلی خواجہ آصف سے ملاقات کی جس میں توانائی دفاع اورتجارت کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ پاکستان ایران سے توانائی کے حصول کا خواہاں ہے ایران سے فوری اورسستی توانائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے بجلی کی پیداوار ترسیل اورتقسیم کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے۔ ایرانی سفیرکا کہنا تھا کہ ایران سے عالمی پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد دونوں ہمسایہ ملک کے درمیان معاشی تعلقات میں بہتری کیلئے مواقعے پیدا ہوئے ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جائے۔