لاہور ( این این آئیٰ)اوور سیز پاکستانیوں کو صوبہ پنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اوور سیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی ) پنجاب اب تک انگلینڈ، بحرین، قطر، دوبئی اور سعودی عرب میں روڈ شوز منعقد کر چکا ہے۔ او پی سی کے ترجمان نے اس ضمن میں تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ان روڈ شوز میں ا وور سیز پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل کے حل کے لئے او پی سی پنجاب کی کاوشوں کو سراہا ۔وائس چیئرپرسن او پی سی شاہین خالد بٹ اور کمشنر افضال بھٹی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ان روڈ شوز کے دوران اوور سیز پاکستانیوں کو ادارے کی کارکردگی اور طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگز دیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی پنجاب کے سرکاری اداروں سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے او پی سی بھرپور اور موثر کردار ادا کررہا ہے اور اوور سیز پاکستانی اپنے کسی بھی مسئلے کے حل کیلئے او پی سی پنجاب سے رابطہ کر سکتے ہیں، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔