کراچی (این این آئی)رینجرز چھاگئے،بڑا کام کردکھایا، پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 5 ستمبر 2013ء سے لے کر اب تک اندرون سندھ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی گئی کارروائیوں میں قتل کی وارداتوں میں 44 فیصد جبکہ اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں 77 فیصد تک کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ جمعرات کو ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ آرٹیکل 147 کے مطابق دیئے گئے اختیارات کے مطابق 5 ستمبر 2013ء سے لے کر اب تک اندرون سندھ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کے گئے آپریشن میں پولیس کی وقتاً فوقتاً معاونت کرتی رہی ہے۔ ان آپریشنز کے دوران 553 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں اندرون سندھ امن کے قیام میں بہتری اور جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 5 ستمبر 2013ء سے جاری آپریشن کے دوران اندرون سندھ میں قتل کی وارداتوں میں 44 فیصد، ڈکیتیوں کی وارداتوں میں 53 فیصد، اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں 77 فیصد جبکہ رہزنی کی وا رداتوں میں 27 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔