سلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی گفتگو سے واضح ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، وزیر اعظم بڑے بڑے دعوؤں کی بجائے پہلے جمہوری آداب و اطوار سیکھیں اور اپنے اندر برداشت پیدا کریں اور اپنے اراکین کو بولنے کی اجازت دیا کریں۔ وزیر اعظم نواز شریف کے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا کہ شاہی طرز حکومت کے رسیا وزیر اعظم اختلاف رائے بھی برداشت نہیں کرتے۔ 2013 کی نسبت آج کا پاکستان بری طرح قرضوں کی دلدل میں دھنس چکا ہے۔ میاں صاحب نے ایک برس کے اندر 210000 کروڑ کے قرضے اکٹھے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی میں بڑھتے ہوئے سیاسی شعور سے سب سے زیادہ خوفزدہ خود وزیر اعظم ہیں۔ وزیر اعظم کی تقاریر اور بوکھلاہٹ میں دیے گئے بیانات انہیں احتساب سے نہیں بچا سکتے جتنا وزیراعظم احتساب سے بھاگیں گے اتنا ہی عوام کا دباؤ بڑھائیں گے، انہوں نے کہا کہ 7 اگست کی تحریک احتساب تخت رائیونڈ کی وجہ زوال بنے گی۔وزیر اعظم کے بڑے منصوبوں میں دلچسپی کا بھانڈہ پانامہ لیکس نے پھوڑا ۔وزیر اعظم نے تین برس میں پاکستان سے زراعت کا عملی طور جنازہ نکالا ۔ وزیر اعظم کو دھرنے خوفزدہ کرتے ہیں تو خواجہ سعد رفیق سے نادرا رپورٹ لیکر مطالعہ کریں عدالتی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نون لیگ نے الیکشن کمیشن کے ذریعے کیسے دھاندلی کی، نعیم الحق نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کو متنازعہ بنانے کیلئے وزیر اعظم اور انکی حکومت نے کافی محنت کی ہے۔ کشمیر میں بھارتی جبر و تسلط کی مذمت سے وزیر اعظم کیخاندانی کاروبار کو نقصان کا اندیشہ ہے۔وزیر اعظم کو تسلیم کرنا چاہئیے تھا کہ انکی حکومت لاہور میں بچوں کا اغواء روکنے میں بھی ناکام ہے۔