لاہور ( این این آئی) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے شہریوں کو کار چوروں سے تحفظ دینے کے لیے تھرڈ نمبر پلیٹ متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ، نئے سسٹم کے تحت گاڑیوں کی فرنٹ سکرین پرمشین ریڈایبل سم لگائی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ شہریوں کو کارچوروں سے بچانے کیلئے محکمہ ایکسائز نے ریڈیو فریکونسی آڈنٹی فیکیشن ڈیوائس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس ڈیوائس کو تھرڈ نمبر پلیٹ کا نا م دیا جا ئے گا۔ نئے سسٹم کے تحت گاڑیوں کی سکرینوں پرلگائی جانے والی ریڈایبل ڈیوائس میں گاڑی کے مالک کا نام پتہ،انجن نمبر اور چیسی نمبر محفوظ کیا جائے گا اوراسے شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر لگے ریڈر سے با آسانی چیک کیا جاسکے گا۔سم لگانے کے بعد چوری شدہ گاڑیوں کو شہر سے باہر لیجانا مشکل ہو جائیگا جبکہ دہشت گردی میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کا ڈیٹا بھی نکالا جا سکے گا۔ سم ٹمپرڈیاڈپلی کیٹ ہونے پرمشین گاڑی کے راستے کو الیکٹرانک بیرئیر لگا کر روک دیگی۔ سسٹم متعارف ہونے کے بعد آنے جانیوالی گاڑیوں کاڈیٹا اکٹھاکرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ابتدائی طور پر لاہور اور بعدازاں پنجاب بھرمیں سسٹم کولاگوکیاجائیگا۔