لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک )سائیکل چلانے میں قریباً پورے بدن کے پٹھے حرکت کرتے ہیں اور اس کی باقاعدہ عادت امراضِ قلب اور موٹاپے کو روکتی ہے تاہم ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اگر آپ ٹائپ ٹو ذیابیطس سے بچنا چاہتے ہیں تو سائیکل چلانے کی عادت کو معمول بنالیں ۔ ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا کہ سائیکل چلانے سے ٹائپ ٹو ذیابیطس سے بہت حد تک محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ ماہرین نے تحقیق کے لیے 50سے 65سال کے 25ہزار کے قریب خواتین و مرد سے شوقیہ یا عادتا سائیکل چلانے کے بارے میں پوچھا اور ان میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کو نوٹ کیا گیا۔ماہرین نے سروے کے بعد انکشاف کیا کہ اعدادوشمار کے تحت سائیکل چلانے سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ 20فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سائیکل چلانے اور ذیابیطس کو روکنے کے درمیان ایک گہرا تعلق ہے اور جتنی زیادہ آپ سائیکل چلائیں گے یہ موذی مرض آپ سے اتنا ہی دور ہوجائے گا۔ماہرین نے سروے کے بعد زور دے کر کہا ہے کہ خواہ آپ کی عمر 40سال ہو یا پھر 60، سائیکل چلانے سے آپ کو بہت سارے فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔