اسلام آباد (نیوزڈیسک) طبی ماہرین کے مطابق ویسے تو آؤٹ ڈور کھیل انسانی صحت پر مثبت اثر کرتے ہیں مگر تازہ ترین تحقیق کے مطابق اِن ڈور گیمز بھی صحت کیلئے بے انتہا مفید ہیں ۔کینیڈاکے محققین کی ایک ٹیم کا کہنا ہے کہ سنیپ جیسا تاش کاعام کھیل فالج یا ایڈ سٹروک کے مریضوں کی بحالی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ایسے کھیل کھیلنے سے مریضوں کی ‘موٹر سکِلز’ میں بہتری آتی ہے۔ محققین کے مطابق جینگا، بنگو یا پھر وی جیسے گیمز کو گیمنگ کنسول پر کھیلنا بھی یکساں فائدہ پہنچاتا ہے۔محققین نے طبی جریدے لینسٹ نیورولوجی کو بتاتے ہوئے کہا کہ ‘موٹر سکِلز’ کی بحالی کیلئیجو کام کرائے جاتے ہیں وہ اس وقت تک بے سود ہوتے ہیں جب تک کہ وہ زیادہ شدت کے حامل، بار بار کیے جانے والے اور ہاتھوں اور بازؤں کوگھمانے والے نہ ہوں۔تحقیق میں 141 ایسے مریضوں کو شامل کیا گیا جو حال ہی میں فالج کا شکار ہوئے تھے اور انہیں ایک یا دونوں ہاتھوں اور بازؤں کو حرکت دینے میں دقت کا سامنا تھا۔خیال رہے کہ سٹروک اس وقت ہوتا ہے جب خون جم جانے یا بہنے کے سبب دماغ کے بعض حصوں تک نہیں پہنچ پاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں چہرے کے ٹشو کا متاثر ہونا، بات کرنے میں مشکل پیش آنا اور بازؤں کا سن ہونا یا ان کا کمزور ہو جانا شامل ہے۔تحقیق میں شامل کیے جانے والے مریضوں میں سے تقریباً نصف مریضوں کو وی ری ہیب ( کنسول گیمنگ کے ذریعے صحت کی بحالی کے پروگرام) کیلئے چنا گیا جب کہ باقیوں سے کہا گیا کہ وہ تاش جیسی روایتی تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ان تمام مریضوں کو صحت یاب ہونے کی عام سہولیات یکساں فراہم کی جاتی رہیں اور اس کے علاوہ اضافی کام کے طور پر انہیں 15 دن تک گیمنگ یا تاش کھیلنے کیلئے ایک گھنٹہ دیا گیا۔2 اور 4 ہفتے کے اختتام پر دونوں گروپس میں موٹر سکِلز میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا۔