لاہور (این این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کا چیئرمین عمران خان کی شادی کی غلط خبر دینے والے چینلز کے خلاف پیمرا سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے چیئرمین عمران خان کی شادی کی غلط خبر دینے والے چینلز کے خلاف پیمراسے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔غیر ذمہ دارانہ مواد اور غلط معلومات نشر کرنے والے مختلف نیوز چینلز کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بغیر تصدیق حقائق کے خلاف معلومات نشر کرنا انتہائی قابل مذمت اور زرد صحافت کی علامت ہے ،پیمرا قوانین اور ضابطہ اخلاق کسی بھی فرد کی تکریم پر سمجھوتے کی اجازت نہیں دیتے۔چیئرمین تحریک انصاف کی وضاحت کے باوجو د گھنٹوں جاری رہنے والی اس نشریات میں پیمرا کی جانب سے عدم مداخلت کا معاملہ بھی اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ نیوز چینلز اور پیمرا دونوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی پر غور کر رہے ہیں۔